میو نسپل کارپوریشن راولپنڈی کا ایکشن:فوارہ چوک میں قائم غیر قانونی سینما مسمار،ملبے تلے آکر 4افراد زخمی

میو نسپل کارپوریشن راولپنڈی کا ایکشن:فوارہ چوک میں قائم غیر قانونی سینما مسمار،ملبے تلے آکر 4افراد زخمی

راولپنڈی (خبرنگار، نیوز رپورٹر) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی حدود فوارہ چوک راجہ بازار میں قائم روز سینما کی بوسیدہ عمارت مسمار کر دی گئی، عرصہ دراز سے اس پراپرٹی کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں درجنوں کیس زیر سماعت تھے۔

 چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے روز سینما کے حوالے سے تمام تر کیسز کو نمٹاتے ہوئے دو رٹ پٹیشن ایڈیشنل کمشنر ریونیو راولپنڈی کو ارسال کیں، ایڈیشنل کمشنر ریونیو نے تمام فریقین کو سننے کے بعد میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے رٹ پٹیشن کو نمٹا دیا،فیصلے کی رو سے 2019سے قبل اس عمارت پر قابض کرایہ دار غیر قانونی قرار دیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کو عمارت کو گرانے کا حکم دیا گیا ، یاد رہے 2021میں ایک چھ رکنی کمیٹی نے اس عمارت کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بتایا تھا، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے ہیوی مشینری کی مدد سے 18گھنٹے سے زائد دورانیہ تک جاری رہنے والے آپریشن کے نتیجے میں عمارت کو مسمار کر دیا۔ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اس جگہ جلد ہی ایک کمرشل پلازہ بشمول پارکنگ تعمیر کر یگی تاہم اس کا حتمی فیصلہ کمشنر راولپنڈی کی زیر نگرانی اجلاس میں جلد کیا جائے گا۔ دریں اثنا روز سینما گرانے کے دوران 4افراد ملبے تلے آکر شدید زخمی ہو گئے جبکہ تعمیراتی ملبہ پول پر گرنے سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے ، زخمیوں میں محمد حنیف، محمد ریاض، عمر بادشاہ اور دل راز شامل ہیں ،انہیں سر، بازوؤں اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں، تمام زخمی ہسپتال منتقل کر دئیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں