ای بسوں کے روٹس، آمدورفت کی معلومات گوگل میپ پر دینے کی ہدایت : کارڈز سے ادائیگی ممکن بنائی جائے : چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے تمام الیکٹرک بسوں کے روٹس، سٹیشنوں اور آمدورفت کی معلومات گوگل میپ پر فراہم کرنے کے ساتھ اس کی موثر تشہیر کرنیکی ہدایت کی ہے۔۔۔
تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ماحول دوست اور ایئر کنڈیشنڈ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے الیکٹرک بسوں سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنامقصود ہے تاکہ وہ بہترین منصوبہ بندی کرسکیں۔ گوگل میپ پر تمام بسیں واضح رنگوں اور سٹاپس کی تفصیلات کے ساتھ نظر آنی چاہئیں تاکہ مسافروں کیلئے ان بسوں کے روٹس اور آمد کے ٹائمز کا تعین کرنے میں آسانی ہو۔ مسافروں کیلئے ماسٹر ، ویزا اور دیگر کارڈز کے ذریعے بھی کرایہ کی ادائیگی کو ممکن بنایا جائے ۔ روزانہ سفر کرنے والوں ، نوکری پیشہ افراد، طلبہ اور سینئر سٹیزنز کیلئے خصوصی پیکیج اور خصوصی ڈسکاؤنٹ کارڈز متعارف کروائے جائیں جو ہفتہ وار، پندرہ روزہ، ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر جاری کئے جائیں تاکہ ایسے مسافروں کے کرایوں میں کمی اور الیکٹرک بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیاجا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس میں کیا، اجلاس میں فیڈر الیکٹرک بسوں کے آپریشنز اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا تخمینہ سے زائد تقریباً پچانوے ہزار تک کی رائیڈر شپ حاصل ہو چکی ہے ۔ مزید ایسے روٹس کا انتخاب کیا جائے جہاں مسافروں کا رجحان زیادہ ہو تا کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبہ کا انحصار سبسڈی پر کم سے کم کیا سکے ۔ بس ٹرمینلز میں اشتہارات کیلئے ڈیجیٹل بورڈز جلد متعارف کرائے جائیں۔