پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، صدر آزادکشمیر
سہنسہ (آئی این پی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہاہے کہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر بھارتی حکومت نے جارحیت کی راہ اپناتے ہوئے آپریشن سندور کے نام سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر ناپاک عزائم کا مظاہرہ کیا۔
تاہم پاک فوج نے اپنے روایتی عزم، غیر معمولی حکمتِ عملی اور جرات و بہادری کے مظاہرے کے طور پرآپریشن بنیانِ مرصوص کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو ایسی تاریخی اور عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا کہ بھارتی افواج ان زخموں کو مدتوں تک چاٹتی رہیں گی۔ آج سہنسہ میں ایک بار پھر عوام علاقہ نے میرے تاریخ ساز استقبال سے یہ ثابت کر دیا کہ سہنسہ میرے لیے محض ایک مقام نہیں، بلکہ میرا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور، مظفرآباد، مانسہرہ موٹروے پر بھی کام جلد شروع کیا جائے، اس موٹروے کی تعمیر سے جہاں عوام کی سفری مشکلات آسان ہوں گی وہاں پر یہ موٹروے دفاعی اعتبار سے بھی کارگر ثابت ہو گی اس کے علاوہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت میرپور میں سی پیک بزنس سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہنسہ ٹائون کے مقام پر جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔