کھیلوں میں کھو ئے وقار کی بحالی ترجیح ، ڈی جی سپورٹس بورڈ
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے کہاہے کہ کھیلوں کا کھویا ہوا وقار بحال کرنا اولین ترجیح ہے ، سیف گیمز کا پاکستان میں انعقاد یادگار ہوگا، ٹاپ ایتھلیٹس کی ٹریننگ پر فوکس ہے ۔
سیف گیمز سے کھیلوں کو مزیدفروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے صدر ابوبکر بن طلعت کی قیادت میں آنیوالے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ یاسر پیرزادہ نے کہاکہ سیف گیمز کی میزبانی قومی وقار کا معاملہ ہے اور ہم انفراسٹرکچر، تربیت اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے تمام عالمی معیار کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے ، وزیرِاعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اوروفاقی سیکرٹری محی الدین وانی کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ رسجا وفد میں عبدالمحی شاہ، شکیل اعوان، ذوالفقار بیگ، ناصر نقوی، شاکر عباسی، افضل جاوید، شہریار خان، ارفع فیروز ذکی، اویس عباسی، اصغر مبارک اور کرن خان شامل تھے ۔