کوئٹہ تا کراچی ہائی وے پر کام تیزی سے جاری، عبدالعلیم خان

اسلام آباد (دنیارپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات کی۔۔
جس میں مختلف سیاسی امور ، خطے کی موجودہ صورتحال، پاکستان کے کردار اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بلوچستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوئٹہ تا کراچی نیشنل ہائی وے این25پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، جغرافیائی اعتبار سے بلوچستان کے ذرائع مواصلات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور این ایچ اے کا ادارہ اس صوبے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر مواصلات کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اْن کی وزارت کی کارکردگی لائق ستائش ہے اور امید ہے کہ بلوچستان میں جاری منصوبوں پر جلد اور معیاری کام مکمل کیا جائے گا۔