چیئرمین سی ڈی اے سے عراقی سفارتخانہ کے مشن ہیڈ کی ملاقات : اسلام آباد ، بغداد کو سسٹر سٹی قرار دینے کے معاہدہ پر اتفاق

چیئرمین سی ڈی اے سے عراقی سفارتخانہ کے مشن ہیڈ کی ملاقات : اسلام  آباد ، بغداد کو سسٹر سٹی قرار دینے کے معاہدہ پر اتفاق

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) جمہوریہ عراق کے سفارت خانے کے مشن کے ہیڈ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے گز شتہ روز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔۔۔

عبدالقادر سلیمان الحمیری نے چیئرمین کی اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے شاندار کاوشوں اور اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں بغداد اور اسلام آباد کو جڑواں شہر (سسٹر سٹی) قرار دینے کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور معاہدہ پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے عبدالقادر سلیمان الحمیری کو ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر محمد علی رندھاوا نے عبدالقادر سلیمان الحمیری کو سووینئر پیش کیا۔دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد میں بارش کے بعد سی ڈی اے ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ایم سی آئی کی جانب سے کیے گئے مشترکہ آپریشنز کا ذاتی جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرنمنٹ ونگ، بلڈنگ کنٹرول، اسلام آباد واٹر ایجنسی، روڈ اینڈ مینٹیننس ونگ سمیت ضلعی انتظامیہ نے تمام مرکزی سڑکوں سے گرے ہوئے درختوں، ملبے اور پانی و دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹایا ۔ شہریوں نے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہا اور سی ڈی اے حکام کی تعریف کی ۔ علاوہ ازیں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں پانی کا ٹھہراؤ، نالوں کی بروقت صفائی، پانی کی نکاسی اور دیگرمسائل کوفوری حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا ئیں ۔انہوںنے سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی تمام فارمیشنز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکٹرڈویلپمنٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔چیئرمین نے کہا سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے کام کو نہ صرف مزید تیز کیا جائے بلکہ معیار اورکوالٹی پر بھی کوئی سمجھو تا نہ کیا جا ئے ۔سیکٹرایچ سولہ، سی پندرہ، سی سولہ، ای بارہ اور ایف تیرہ سے تجاوزات ختم کی جا ئیں ، عوام کے کلیم کا قانون کی روشنی میں جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے پارک انکلیواور دیگر سیکٹرز میں بھی ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں