ناجائز تعمیرات ختم ، مری ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش جلد مکمل کی جائے : وزیر مواصلات
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مری ایکسپریس وے کی دونوں اطراف گرین بیلٹس خوبصورت بنائی جا ئیں ، مری ٹول پلازہ کو ای ٹیگ سے منسلک کیا جا ئے اور اس کی از سر نو تعمیر کو 30جولائی تک مکمل کیا جا ئے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مری کے مقامی رہائشی ٹول پلازہ ٹوکن سے مستثنیٰ ہوں گے ۔ سیاحتی مقام ہونے کے ناطے مری ایکسپریس وے پاکستان کی اہم ترین شاہرا ہ ہے جہاں نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ ملک بھر سے آنے والے ٹورسٹ سفر کرتے ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر خوبصورت لائٹس لگائی جا ئیں ، لینڈ سکیپنگ اور تزئین و آرائش کے دیگر امور کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس امر کو یقینی بنائے کہ شہری اس شاہراہ پر دن و رات محفوظ اور آسان سفر کر سکیں۔ انہوں نے ایکسپریس وے کے دونوں اطراف غیر قانونی راستے بند کرنے اور ناجائز تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی ۔ دورے کے دوران اسلام آبادمری ایکسپریس و ے پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف جگہوں پر شہریوں نے وفاقی وزیر مواصلات کا خیر مقدم کیا اور اپ گریڈیشن کے عمل کو سراہا، وفاقی وزیر نے سینئر افسران کو ٹول پلازہ کی تعمیر مکمل کرنے اور دیگر امور سے متعلق موقع پر ہی ٹاسک سونپ دئیے ، سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔