گزشتہ سال سے تجاوزات آپریشن میں 200 ٹرک سامان ضبط
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
شہریوں کی روزمرہ زندگی میں آسانی لانا، پیدل افراد کو راستہ فراہم کرنا، اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آپریشن مستقل بنیاد پر انجام دیا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگست 2024سے اب تک 200ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا اور 8144مختلف اشیائ، 5663 ریڑھیاں ہٹائی گئیں اور 1222غیر قانونی کاؤنٹرز ختم، دکانوں اور گھروں کے سامنے 577پلیٹ فارمز کو مسمار کیا گیا۔ نالہ لئی کے راستے گنجمنڈی اور ڈھوک نجو پل سے کٹاریاں پل تک علاقوں میں 682مقامات پر بھی تجاوزات ہٹائی گئیں۔ یہ کارروائیاں باڑا مارکیٹ، تلواڑہ بازار، پرانی سبزی منڈی، کالان بازار، بوہڑ بازار، موتی بازار، لیاقت مارکیٹ، اقبال روڈ ودیگر علاقوں میں کی گئیں۔