بارش سے متاثرہ سڑکیں فوری مرمت کی جا ئیں ،کمشنر راولپنڈی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ روڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کی فوری مرمت کی جائے ۔ متاثرہ خاندانوں کو مکمل تحفظ، شفاف امداد اور فوری ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے تمام افسران کو تاکید کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور متاثرہ لوگوں میں چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر امدادی چیک تقسیم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس مری میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات راولپنڈی شہر میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے تاہم واسا، آر ڈ بلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ انتظامیہ فیلڈ میں موجود رہی جس سے ممکنہ طغیانی کے خدشات سے تمام علاقے محفوظ رہے ۔ کمشنر راولپنڈی نے واضح ہدایت جاری کی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں فلڈ ریلیف چیکس کی تقسیم کو میرٹ پر یقینی بنائیں۔