ادارے میں ہر سطح پر ڈیجیٹل، کیش لیس نظام کا عملی نفاد یقینی بنایا جائے : چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے میں ہر سطح پر کیش لیس نظام کے عملی نفاذ کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کیش لیس نظام نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ اس سے عوامی سہولیات کی فراہمی کو تیز تر اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد کو ڈیجیٹل دارالحکومت بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے، سی ڈی اے دفاتر اور سہولت مراکز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا آغاز کیا جائے گا ،اس کے علاوہ بینکوں سے شراکت کے ذریعے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا، اس کے علاوہ پارکنگ ایریاز میں پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ان شعبہ جات میں آغاز ہوگا جہاں عوامی آمد و رفت زیادہ ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام کے تحت سی ڈی اے کی مختلف سروسز کی ادائیگی کے لیے شہریوں کو جدید اور آن لائن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا ئیں۔
دریں اثنا محمد علی رندھاوا سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی جس میں شاہ فیصل مسجد کے حوالے سے سی ڈی اے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے علاوہ دیگر باہمی امور زیر بحث آئے۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔ نواف بن سعید احمد المالکی نے چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں شاندار کارکردگی کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے 23 ستمبر کو سعودی عرب کے قومی دن کی آئندہ تقریبات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو بہترین انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ دونوں فریقوں نے اسلام آباد میں ہوٹل انڈسٹری کے شعبے میں تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ سعودی عرب سے ہوٹل انڈسٹری کے ممتاز سعودی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں جن کے ساتھ سی ڈی اے افسران کی اسلام آباد میں ہوٹل کے منصوبہ پر ملاقات متوقع ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد شہر کیلئے ایسی شراکت داریوں کی میزبانی ایک اعزاز ہے۔