آ ئی 16میں فائرنگ ، ڈکیتی:گرفتار ملزم ابتدا ئی مقدمہ سے ڈسچارج
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم کی عدالت نے سیکٹر آئی-16 میں فائرنگ اور ڈکیتی کیس میں گرفتار ملزم غفرعلی کو ابتدائی مقدمے سے ڈسچارج کر دیا تاہم اسے تین نئے مقدمات میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم پر دورانِ حراست تشدد کیا گیا اور اسے ٹانگ پر گولی بھی ماری گئی تھی جس پر عدالت نے میڈیکل کرانے اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی تاہم اس کی میڈیکل رپورٹ تاحال عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی ۔ تینوں نئے مقدمات تھانہ نون میں درج کئے گئے ہیں ۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مزید تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے ۔ عدالت نے تین دن کا ریمانڈ منظور کر لیا ۔