ایبٹ آباد:خاتون سے اجتماعی ز یادتی کے تین ملزم گرفتار
اسلام آباد ( دنیا نیوز ) ایبٹ آباد کے علاقہ بکوٹ میں ایک خاتون کے ساتھ گزشتہ ہفتے مبینہ گینگ ریپ کے الزام میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتاری عوامی ردعمل اور واقعہ کا سوشل میڈیا پر چرچا ہونے کے بعد کی گئی۔
ایبٹ آباد پولیس کے ترجمان اعظم میر افضل کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر بدھ کو راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کیا تھا۔ ڈی پی او عمر طفیل نے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا ،بکوٹ کے ایس ایچ او کو گاؤں بھیجا گیا، جہاں اس نے دیکھا کہ مقامی لوگ اس واقعے پر شدید برہم تھے ۔ایس ایچ او کی شکایت پر اجتماعی زیادتی کی ایف آئی آر درج کی گئی۔نجی ٹی وی کے پاس موجود ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق پولیس نے اس ملزم کو گرفتار کیا جو اس گھر کا مالک تھا جہاں خاتون کے ساتھ اس کے دیگر دوستوں نے مبینہ طور پر گینگ ریپ کیا تھا۔ گھر کے مالک نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے دو ساتھیوں کی بھی شناخت کر لی ۔ پولیس کے مطابق ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کی تلاش اور تحقیقات جاری ہیں۔