لئی کنارے تجاوزات، مویشی باڑوں کے خلاف گرینڈ آپریشن
راولپنڈی(خبرنگار)آر ڈی اے نے دنیا ٹی وی پر نالہ لئی پر پختہ تجاوزات اور جانوروں کے باڑے قائم کرنے کی رپورٹس نشر ہونے پر حکومت پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد نالہ لئی کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا ہے۔
آر ڈی اے نے کٹاریاں پل، ڈھوک نجو، شیخ رشید پل اور گوالمنڈی پل پر کریک ڈاؤن کیا۔ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تجاوزات کے خاتمے کے لیے آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ متحرک کیا گیا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی، تجاوزات کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، صاف، محفوظ اور پائیدار شہری ماحول کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے کا کہنا تھا بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور کسی کو رعایت نہیں ملے گی، نالہ لئی کے کناروں پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن جاری ہے۔ آپریشن غضنفر علی اعوان کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ایم سی آر اور دیگر متعلقہ افسران کے تعاون سے انجام دیا گیا۔