پی ای آر اے کی کارروائیوں پر کنٹونمنٹ بورڈ کا اظہار تحفظا ت
راولپنڈی (خاورنوازراجہ) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور محکمہ صحت راولپنڈی کے اہلکاروں کی جانب سے بغیر کسی پیشگی اطلاع یا اجازت کے کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں کارروائیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے سخت تحفظات کا کردیا۔
اس سلسلے میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو خط لکھ کر اینٹی انکروچمنٹ اور اینٹی ڈینگی آپریشنز کے حوالے سے تحفظات کااظہار کیا ہے ، کہا گیا کنٹونمنٹ بورڈ ایک قانونی شہری ادارہ ہے جو انسداد تجاوزات، ڈینگی کے خاتمے اور غیر قانونی سائن بورڈز و بینرز ہٹانے جیسے اقدامات اٹھاتاہے ۔ تاہم حالیہ دنوں میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگو لیٹری اتھارٹی اور محکمہ صحت راولپنڈی کے اہلکاروں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع یا اجازت کے کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں کارروائیاں کیں جو ادارے کے اختیارات میں مداخلت ہے ۔حکومت پنجاب نے PERA کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے قائم کیا ہے لیکن اس کے براہِ راست اقدامات کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں غیر قانونی اور ادارے کے مفاد کے خلاف ہیں، ان کو روکنے کی ہدایات دی جائیں۔