راولپنڈی کی پہلی خاتون سی ٹی او بینش فاطمہ نے چارج چھوڑ دیا
راولپنڈی (خبرنگار) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔ بینش فاطمہ کو اپریل 2025میں انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی طرف سے ریجنل آفیسر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی تعینات کیا گیا تھا۔
جس کے ساتھ ساتھ وہ بطور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی اپنی اضافی ذمہ داریاں انجام دے رہی تھیں ،ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر ٹریفک سٹاف کی طرف ان پر گل پاشی کی گئی اور گلدستے پیش کیے گئے۔ بینش فاطمہ نے 9اگست 2024کو بطور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی چارج سنبھالا تھا۔ سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار ،ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس پی سکیورٹی ، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔سی پی او راولپنڈی نے انہیں اعزازی شیلڈز دی ۔