ملکی استحکام کیلئے ’’میثاق پاکستان‘‘ کیا جائے، آل پارٹیز کانفرنس

ملکی استحکام کیلئے ’’میثاق پاکستان‘‘ کیا جائے، آل پارٹیز کانفرنس

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)آل پارٹیز کانفرنس کے دس نکاتی اعلامیہ کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس نے بھارت کے خلاف بنیان المرصوص آپریشن کی مکمل تائید کی اور کہا ہے کہ کوئی مسلمان مسئلہ تحفظ ختم نبوت پر کمپرومائز نہیں کر سکتا۔۔۔

سیاسی مذہبی جماعتیں آئین پاکستان کے تحفظ، ملکی استحکام کے لیے میثاق پاکستان کریں ،سیاسی جماعتوں کے ماہرین قانون اور مذہبی سکالرز پر مشتمل رابطہ کمیٹی قائم کردی گئی، توہین مذہب کے مقدمات میں کوئی فیملی اپنے ملزم کو بے گناہ سمجھتی ہے تو رابطہ کمیٹی سے رابطہ کرے ، غزہ میں امداد پہنچانے کے لئے حکومتی و عوامی سطح پر اقدامات کئے جائیں، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر پاکستان منتقل کئے جائیں، توہین مذہب کے مقدمات کی آڑ میں قانون توہین رسالت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ایک سیاسی اتحاد قائم کیا جائے گا جو مہنگائی بیروزگاری جیسے ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کرے گا۔ سینیٹ و قومی اسمبلی سے توہین صحابہ و اہلبیت بل منظور ہوچکا ہے ، صدر مملکت اس بل پر دستخط کریں، حکومت عوام پر ٹیکس میں کمی اور اپنے اخراجات کم کرے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان راہ حق پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پارٹی چیئرمین حکیم محمد ابراہیم قاسمی نے کی ۔مقررین نے کہا فیلڈ مارشل عاصم منیر پیغام پاکستان کا ازسر نو جائزہ لیں ، بھارت سے جنگ بندی نہیں ہوئی بلکہ نئی صف بندی ہورہی ہے ۔ امریکا کو تیل و تانبے کی تلاش کے لئے موقع دینے کا مطلب چین کو ناراض کرنا ہے ،پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر یگا ۔ختم نبوت کے مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں ۔کانفرنس میں چیئرمین جوانان پاکستان عبداللہ گل،صدر سنی علما کونسل ڈویژن راولپنڈی مفتی تنویر عالم فاروقی، ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ، مولانا رضوان سیفی، رانا محمد ذیشان، شیخ اقبال، ملک غلام مصطفی، مولانا حزیمہ سمیع، راؤ اشرف حسینی، شیخ محمد اقبال، قاری افتخار احمد ،مفتی شاہد نسیم،حافظ نصیر احمد، مولانا عبدالرحمن معاویہ،قاری نثار احمداور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں