تمام سیکٹرز میں تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف مہم تیز کی جائے : چیئرمین سی ڈی اے

تمام سیکٹرز میں تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف مہم تیز کی جائے : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر مختلف سیکٹرز میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔

سید پور میں 60کنال سے زائد اراضی واگزار کروا لی گئی، ایکسپریس وے، سری نگر ہائی وے پر بھی کارروائیاں کی گئیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔ انسداد تجاو زات مہم کے دوران واگزار کرائی گئی زمینوں پر دوبارہ تجاوزات کو روکنے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا جس کے تحت متعلقہ علاقوں کی باقاعدگی کے ساتھ ڈرون فوٹیجز کے علاوہ گوگل ارتھ سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد سے تمام تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔ مستقل بنیادوں پر غیر قانونی تجاوزات سے چھٹکارا پانے کیلئے ماحول دوست شجرکاری کے علاوہ متعلقہ جگہ کا بہترین استعمال کرنے کے لئے بہترین منصوبہ بندی کی جائے تاکہ اسلام آباد کو مستقبل میں تجاوزات سے پاک، خوبصورت اور مثالی دارالحکومت بنانے میں مدد مل سکے ۔دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے سے اسلام آباد کے اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ طارق فضل چودھری، راجہ خرم شہزاد نواز، انجم عقیل خان نے عوام کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ محمد علی رندھاوا نے جاری منصوبوں اور شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی میں اسلام آباد کے پارلیمنٹیرینز کے کردارکو سراہا ،اراکین پارلیمنٹ نے اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں