باہر سے ادویہ منگوانے والے سرکاری ڈاکٹر ز کیخلاف ایکشن کا فیصلہ
راولپنڈی(خاورنوازراجہ )وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر الائیڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو باہر سے ادویات منگوانے اور۔۔
مہنگے نسخے لکھ کر دینے والے ڈاکٹروں کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کا فیصلہ کیا گیاہے ،تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کوہدایات جاری کردی گئی ہیں ، سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو پرائیویٹ میڈیکل سٹورز سے ادویات منگوانے پر پہلے مرحلہ میں ڈاکٹروں کو وارننگ دی جائے گی ،دوسرے مرحلہ میں انکوائری کی جا ئیگی جبکہ تیسرے مرحلہ میں انہیں نوکری سے فارغ کردیا جائے گا ۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے راولپنڈی کے بڑے ہسپتا لوں ہولی فیملی ، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ، بے نظیر بھٹو ہسپتال ، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورا لوجی میں زیرعلاج مریضوں کو ہسپتال سے ادویات فری دینے کو یقینی بنانے کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات دی ہیں۔ اوپی ڈی میں آنے والے مریضوں اور ہسپتال میں داخل مریضوں کو فری ادویات دی جائیں گی جبکہ مریضوں کو مارننگ اوقات میں ہی متعلقہ ڈاکٹر کی نگرانی میں ڈسچارج کیا جائے گا اوران کو دی جانے والے ادویات کی فہرست بنائی جائے گی ۔