چیئرمین سی ڈی اے کی زیرصدارت اجلاس:اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے شکر پڑیاں میں انٹر نیشنل انڈسٹریل ایکسپو منعقد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں اعلیٰ حکام نے شر کت کی ۔۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کو کرائم فری شہر بنانے ، شہر کی سکیورٹی کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنا ئے جا ئیں گے ۔ چیئر مین نے کہا شہر کے داخلی و خارجی را ستوں پر مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور شہر بھر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیر و ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی امن و امان قائم رکھنے کے سلسلہ میں کاوشوں کی تعریف کی ۔ دریں اثنا محمد علی رندھاوا کی زیر صدار ت ایک اور اجلا س ہوا، جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر قریشی، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی پلاننگ ڈاکٹر ظفراقبال، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاؤسنگ فیصل نعیم، ڈی جی ریسورس شکیل احمد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی مشہور کمپنیاں اپنے سٹالز لگائیں گی، پاکستان بھر کے بزنس چیمبرز بھی اپنے سٹالز لگانے کے علاوہ اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو کو کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ایکسپو میں چین، ترکی، ایران، آذربائیجان، تاجکستان، ازبکستان، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک بھی اپنے سٹالز لگائیں گے ، اس کے علاوہ مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کے مشہور برانڈز مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کو سیاحتی شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،اکتوبر میں اسلام آباد میں انٹرنیشنل ایکسپو کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔