عدالت کا ریٹائرڈپروفیسرکو پنشن کی مکمل رقم2ماہ میں ادا کرنیکا حکم

 عدالت کا ریٹائرڈپروفیسرکو پنشن کی مکمل رقم2ماہ میں ادا کرنیکا حکم

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے فزکس کے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کو پنشن کی مد میں بقایا رقم دو ماہ کے اندر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف بلوچستان کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، یونیورسٹی آف بلوچستان ایک ماہ کے اندر سیکرٹری فنانس کے ذریعے اپنے حصے کی رقم اوپن یونیورسٹی کو منتقل کرے جس کے بعد اوپن یونیورسٹی اپنی حصہ داری شامل کر کے پروفیسر ظفر الیاس کو مکمل رقم ادا کرے ۔ عدالت نے فیصلے کی کاپی دونوں یونیورسٹیز اور سیکرٹری فنانس بلوچستان کو بھجوانے کا بھی حکم دے دیا اور کہا فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کو حکم عدولی تصور کیا جائے گا ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس 1987 سے 2009 تک یونیورسٹی آف بلوچستان میں خدمات انجام دیتے رہے ،بعد ازاں اوپن یونیورسٹی کی درخواست پر ڈیپوٹیشن پر وہاں تعینات ہوئے ۔ انہوں نے 2011 میں اوپن یونیورسٹی میں مستقل پروفیسر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور جنوری 2023 میں 36 سالہ سرکاری سروس مکمل کر کے ریٹائر ہو گئے ۔ ان کی پنشن کی مجموعی رقم 37 لاکھ 26 ہزار 381 روپے بنتی ہے۔ پنشن کی ادائیگی میں تاخیر پر پروفیسر ظفر الیاس نے پہلے اوپن یونیورسٹی کو درخواست دی لیکن شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ اس سے قبل جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سنگل بینچ نے پنشن رقم کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ رقم کے تناز ع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے خلاف الگ سے قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے ۔ تازہ فیصلے میں جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں