روئی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کیلئے کو شاں ہیں ، سیکرٹری زراعت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ میں روئی کی 55 لاکھ سے زائد گانٹھوں کا ہد ف حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
رواں سیزن کے دوران پنجاب میں کل 32لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کرائی گئی جبکہ خصوصی مہم کے ذریعے ساڑھے 8 لاکھ ایکڑ رقبہ پر اگیتی کاشت کا ہدف حاصل کیا گیا۔ وہ گزشتہ روز کپاس کی فصل کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 8 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے برابر پھٹی کی چنائی مکمل ہوچکی ہے۔ اور فیلڈ رپورٹس کے مطابق کپاس کی موجودہ صورتحال نہایت تسلی بخش ہے۔