شیخ عبد العزیز شہید تحریکِ آزادیٔ کے جری رہنما، عزیز غزالی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما شہید شیخ عبد العزیز شہید کو انکے سترہویں یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہے۔
کہ اسلام، آزادی اور حق خودارادیت کی جدوجہد کے عظیم سپہ سالار نے سینہ تان کر بھارتی غاصبین کا مقابلہ کیا اور اپنے سینے پر گولیاں کھا کر بھارت کی نام نہاد جعلی جمہوریت کے تابوت میں کیل ٹھونک دی، شیخ عبد العزیز شہید نہ صرف تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے ایک جری، نڈر بے باک اور مخلص رہنما تھے بلکہ وہ کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے۔ انہوں نے بھارتی جبر و استبداد، ظلم و بربریت، قیدوبند اور سخت ترین پابندیوں کا سامنا کیا لیکن انکے موقف میں کبھی بھی لچک پیدا نہیں ہوئی، جب ہندو انتہا پسند تنظیموں نے جموں سے وادی کشمیر کے تمام زمینی راستے بند کرکے کشمیر کی معیشت کو توڑنے کی کوشش کی تو کشمیری عوام نے کشمیر میں ’’تیری منڈی میری منڈی، راولپنڈی، راولپنڈی‘‘ کا نعرہ بلند کرکے وادی کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملانے والے قدرتی تاریخی راستے کو کھولنے کا اعلان کیا۔ شیخ عبد العزیز شہید کی قیادت میں ہزاروں کشمیری شہریوں نے پُرامن طور پر پاکستان کی طرف پیدل مارچ شروع کیا، جب قافلہ اوڑی کے مقام پر پہنچا تو بزدل بھارتی فوجیوں نے نہتے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس میں قافلے کا یہ عظیم سالار اپنے متعدد ساتھیوں سمیت شہید ہوگیا۔