اسلام آباد کی ترقی کیلئے پلاننگ ونگ کی خدمات قابل تحسین : چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی منفرد شناخت، منصوبہ بندی اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی اہداف کے حصول میں پلاننگ ونگ کا کردار انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ اسلام آباد کو ایک ترقی یافتہ، خوبصورت، ماحول دوست اور مثالی شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا ئیں گے ، اسلام آباد کو جدید تقاضوں خصوصاً بلڈنگ کوڈ سے ہم آہنگ کرنے ، رہائشی اور تجارتی زوننگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے پلاننگ ونگ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ دریں اثنا گزشتہ روز ملٹی پرپز گراؤنڈ اسلام آباد میں پیڈل ٹینس ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہوا جس میں چیئرمین سی ڈی اے سمیت شہر بھر سے کھلاڑیوں اور کھیل کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرمین نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کہا کھیل نہ صرف جسمانی صحت کیلئے ضروری ہیں بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی اور کمیونٹی سپرٹ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا شہریوں کیلئے کھیلوں اور تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئیں گے ۔