جشن آزادی:تیاریاں عروج پر، سبز ہلالی پرچموں کی بہار
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے، نیوز رپورٹر) ملک بھر اور آزاد کشمیر میں جشنِ آزادی کل (جمعرات) انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔۔۔
جڑواں شہروں میں سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں چراغاں سے رات کو بھی دن کا سماں ہے ۔ شہریوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ، سڑکوں اور بازاروں میں سٹالز پر سبز ہلالی پرچم ، شرٹس، ٹوپیاں، ربن اور بیجز فروخت ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی میں سجاوٹ کی گئی ہے، سرکاری عمارات اور سڑکوں بالخصوص انڈر پاسز اور فلائی اوورز کو قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال، فاطمہ جناح، شہدائ، قومی ہیروز، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصاویر پر مشتمل ہورڈنگ بورڈز اور خوبصورت روشنیوں و برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔ پی ایچ اے نے چاندنی چوک اور سکس روڈ فلائی اوورز اور انڈر پاسز کو گرین لائٹس اور جھنڈیوں سے سجایا ہے۔