کشمیریوں کا واحد سہارا مضبوط و مستحکم پاکستان ، صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ مملکت خداداد کے 78ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے کہ جس نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے سرفراز فرمایا۔
پوری قوم بانیان پاکستان اور خاص طور پر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی احسان مند ہے کہ اُن کی جدوجہد اور عزم کی وجہ سے آج ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی آزاد فضاؤں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ آج کشمیریوں کا واحد سہارا مضبوط و مستحکم پاکستان ہے ۔ ہمیں آج بھی یاد ہے کہ جب 5اگست 2019کو مکار ہندوستان نے عالمی قوانین اور تمام اخلاقی ضوابط کو پامال کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیرکے تشخص کو پامال کیا ، یہ مملکت خداداد پاکستان کا ہی امتیاز تھا کہ کشمیریوں کو ہر طرح کی اخلاقی و سفارتی نہ صرف حمایت کی بلکہ پوری دنیا میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کیا پھر جس طرح ہماری افواج پاکستان نے رواں سال مئی میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور مملکت خداداد پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اس سے دنیا بھر میں پاکستانی قوم کا وقار بلند ہوا اور دنیا کی محکوم اقوام کوحوصلہ ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔