پچھلے سال 7 لاکھ 35 ہزار لوگ بیرون ممالک گئے، چوہدری سالک
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک نے کہا کہ پچھلے سال 7 لاکھ 35 ہزار لوگ بیرون ممالک نوکریوں کیلئے گئے، پاکستانیوں کیلئے بیرون ممالک میں ترقی کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں، لوگوں کو صرف بیلاروس بھیجنا مقصد نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار نیوٹیک کے زیر اہتمام یورپی یونین، برٹش کونسل، جرمن کوآپریشن و دیگر بین الاقوامی پارٹنرز کے تعاون سے دو روزہ عالمی ڈائیلاگ میں کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول نے کہا ہے حکومت ہنرمند پاکستانیوں کیلئے عالمی منڈیاں تلاش کرنے میں پرعزم ہے پیشہ وارنہ نوجوان اصل سرمایہ ہیں، نیوٹیک کی چیئرپرسن اور بین الاقوامی مکالمے کی آرگنائزر گلمینہ بلال نے کہا پیشہ وارانہ تعلیم کو عام کر کے ہی پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہور نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام اس خطے کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کے تحت ہم اپنے نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنا رہے ہیں، یورپی یونین کی سفیر نے بھی مکالمہ سے خطاب کیا۔