کچہری چوک فلائی اوور اور انڈر پاس پرابتدائی کام کا آغاز
تعمیراتی کام کے دوران ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی، ڈائیورژن پلان جاری
راولپنڈی (اے پی پی) کچہری چوک فلائی اوور اور انڈر پاس منصوبے کے ابتدائی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس نے منصوبے کے تحت تفصیلی ڈائیورژن پلان پر عملدرآمد کیلئے تیاریاں مکمل کرنا شروع کر دی ہیں تاکہ نومبر کے پہلے ہفتے میں چوک کی بندش کے بعد ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔ محکمہ ہائی وے پنجاب نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور جناح پارک کے قریب ریٹیننگ والز کی تعمیر شروع کر دی ہے تاکہ سروس روڈز کی تیاری اور یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کا عمل بروقت مکمل کیا جاسکے۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق تعمیراتی کام کے دوران چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ روات ٹی چوک سے اولڈ ایئرپورٹ جانے والے ڈرائیورز بحریہ ٹان یوٹرن سے مڑ کر بحریہ ٹائون فیز ون، گائے چوک اور گلریز گیٹ نمبر ٹو کے راستے اپنی منزل کی جانب جا سکیں گے۔
اسی طرح جہلم روڈ سے آنے والی گاڑیاں جو پشاور روڈ، موٹروے یا نیو ایئرپورٹ جانا چاہتی ہیں وہ مورگاہ ٹرن، اٹک آئل ریفائنری چوک، ایجوکیشن بورڈ، ڈیفنس روڈ اور تلسہ روڈ کے ذریعے کلمہ چوک سے ہوتی ہوئی 22نمبر چوک تک پہنچیں گی۔ جہلم روڈ سے صدر جانے والی ٹریفک کو نیو لالہ زار، فانڈیشن یونیورسٹی، راہ امن روڈ اور سی او ڈی چوک کے راستے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پشاور اور موٹر وے کی سمت جانے والی گاڑیاں خٹک چوک، شیر خان چوک، قاسم مارکیٹ اور پشاور روڈ سے گزرتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچیں گی جبکہ صدر جانے والے ڈرائیورز ٹی این ٹی چوک کا راستہ اختیار کر سکیں گے۔ مری روڈ جانے والے ڈرائیورز کیلئے سی او ڈی چوک، برقی چوک، کانوینٹ چوک، شالیمار چوک اور پی سی ہوٹل کے سامنے سے ہوتا ہوا ٹی ایم چوک تک کا متبادل راستہ مقرر کیا گیا ہے۔ اولڈ ایئر پورٹ یا صدر جانے والوں کیلئے رحیم آباد برج، چوہان چوک، راول روڈ، فوجی ٹاور، پی ایف چوک، علی نواز چوک اور شاہین چوک کے راستے سفر کی ہدایت دی گئی ہے۔