شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، عبدالعلیم خان
نومبر 1947تاریخ کا سیاہ ترین باب،ڈوگرہ فوج نے 2لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم شہدائے جموں سمیت ان تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ظلم و جبر کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حریت کی جدوجہد کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ 6نومبر 1947ء کی وہ المناک صبح اور تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جب ڈوگرہ افواج نے آر ایس ایس کے انتہا پسندوں اور اُن کے حامیوں کے ساتھ مل کر جموں کے مسلمانوں پر قیامت ڈھائی جس میں دو لاکھ سے زائد مسلمان شہید ہو ئے جبکہ ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کر کے ہجرت پر مجبور کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن شہدا کے عزم، قربانی اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش ایک زندہ حقیقت ہے جو نسل در نسل جاری رہے گی۔