میانمار کے سفیر کا لوک ورثہ کا دورہ، خریداری بھی کی
پنجاب کی روایتی دستکاریوں، ثقافتی نوادرات، فن پاروں بارے بریفنگ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) میانمار کے سفیر وُنّا ہان نے لوک میلہ اسلام آباد میں قائم پنجاب پویلین کا دورہ کیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ وقاص سلیم اور ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی نے کیا۔ اس موقع پر سفیر کو پنجاب کی روایتی دستکاریوں، ثقافتی نوادرات، ملبوسات اور فن پاروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ میانمار کے سفیر نے پنجاب کے کاریگروں کی مہارت، فن کی باریکی اور ثقافتی تنوع کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کا ثقافتی ورثہ نہایت دلکش اور قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے پویلین میں رکھے گئے مختلف فن پاروں اور دستکاریوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور چند اشیاء کی خریداری بھی کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ نے کہا کہ لوک میلہ دنیا بھر کے سفارتکاروں اور ثقافت کے شائقین کو پاکستان کی متنوع روایات سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پویلین میں خطے کی قدیم تہذیب، فنون لطیفہ، مٹی کے برتنوں، روایتی ملبوسات، اور ہنرمندوں کی براہِ راست کارکردگی کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے تاکہ عوام اور غیر ملکی مہمان پاکستان کے اصل ثقافتی رنگوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔