لیاری ٹرانسفارمیشن سے عوامی تقدیر بدلے گی،وزیر بلدیات
نیسپاک کا ماسٹر پلان تیار، پانی، سیوریج ، گیس دستیابی اورسڑکوں کی بحالی شاملغفلت برداشت نہیں کرینگے ، تمام اداروں کو جوابدہی کا سامنا کرنا ہوگا، ناصر حسین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کا ایک اہم اور تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، پروجیکٹ ڈائریکٹر، متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔ وزیر بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تقریباً 5 ارب روپے کی لاگت سے لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ پر مرحلہ وار کام کیا جائے گا جس کے تحت علاقے کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ لیاری کے عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور حکومت سندھ اس کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے پرعزم ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک)کے ذریعے منصوبے کا جامع ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے جس میں پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری، گیس کی دستیابی، برساتی نالوں کی بحالی اور گلیوں و سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کو شامل کیا گیا ہے ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ لیاری جیسے اہم عوامی منصوبے میں کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا ناقص کارکردگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو مکمل جوابدہی کا سامنا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے جبکہ فنڈز کے بروقت اجراء اور ان کے درست استعمال کی سخت نگرانی کی جائے ۔