سیکٹر آئی 15 کے الاٹیوں کو آج پلاٹ دیئے جائیں گے

سیکٹر آئی 15 کے الاٹیوں کو آج پلاٹ دیئے جائیں گے

زیر التواء سیکٹرز میں کام تیز کرنیکی ہدایت ،سی سولہ کے ٹینڈرز بھی جاری

اسلام آباد( خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سیکٹر ڈویلپمنٹ کو مزید تیز کردیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں زیر التواء سیکٹرز میں جہاں ترقیاتی کام تکمیلی مراحل میں ہیں وہاں ایسے سیکٹرز جہاں اب تک ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کیا گیا وہاں اب باقاعدہ ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ مزید برآں مکمل شدہ سیکٹرز میں مالکان کو پلاٹس کا قبضہ حوالے کرنے کے عمل کا آغاز بھی کردیا گیا ہے ۔ سیکٹر C-16/1 اور C-16/2 میں ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔

سیکٹر C-16/1 اور C-16/2 میں ترقیاتی کاموں کا تخمینہ 5 ارب روپے لگایا گیا ہے ۔اسی طرح سی ڈی اے کے سیکٹر C-15 میں روڈ انفراسٹرکچر کے کاموں سمیت کلورٹس اور باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے 67 ملین روپے کے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔ کئی دہائیوں سے زیر التواء سیکٹر I-15 میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد آج سی ڈی اے پلاٹس کا قبضہ مالکان کے حوالے کرنے جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں کیا جائے گا۔ C-14 اور I-12 میں ترقیاتی کام بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور آنے والے چند ماہ کے اندر الاٹیز کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ حوالے کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں