متاثرین اسلام آباد الائنس نے بی یو پی ایوارڈ فیصلہ مسترد کر دیا
2008کے گوگل یا سپارکو سروے پر 2025کا بی یو پی ایوارڈ قبول نہیں مس گائیڈکرنے پر چیئر مین سی ڈی اے کو برطرف کیاجا ئے ،متاثرین کی پریس کا نفرنس
اسلام آباد (اپنے ر پورٹرسے )متاثرین اسلام آباد الائنس کے نمائندگان اور ڈی 13، ای 13، ایچ 16، سی 13، سی 16 اور ای 13 کے متاثرہ اراضی و مکان مالکان نے سی ڈی اے کی جانب سے 2008 کے گوگل یا سپارکو سروے پر 2025ء کا بی یو پی ایوارڈ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،انہوں نے کہا چیئرمین سی ڈی اے نے متاثرین اسلام آباد کے بارے میں وزیر اعظم کو مس گائیڈ کیا،تین دن کے اندرمطالبات پورے نہ ہوئے تو دھرنا دینگے ۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان نقوی نے کہا 2008 میں ہونے والے سپارکو اور گوگل سروے کو نہیں مانتے ، متاثرین کو 2025 کے مطابق ایوارڈ دیا جائے ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بشارت، ملک ، ظہیر، عزیر خان، ملک غلام حسین،ملک ساجد، راجہ عمران اشرف، سید سبط الحیدر بخاری، مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے صدر انعام الحق نے صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ 2008 کے سپارکو اور گوگل سروے پر مبنی ایوارڈ کے اجرا کو فوری طور پر روکا جائے ۔