طار ق علی ورک کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے ایوارڈ
ایوارڈ صد سالہ تقریبات کے موقع پر دیاگیا ،شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات پر خراج تحسین
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق علی ورک کو ان کی مادرِ علمی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں طارق علی ورک نے بطور معزز مہمان شرکت کی، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انہیں صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات اور پیشہ ورانہ قیادت کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔ طارق علی ورک نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو علمی، تحقیقی اور سماجی میدان میں سو سالہ خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مادرِ علمی سے وابستگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے ۔ اعزاز کو اساتذہ کی رہنمائی، صحافتی برادری کی مشترکہ کاوشوں اور سچ پر مبنی صحافت کے اصولوں کے نام منسوب کیا۔یونیورسٹی انتظامیہ اور شرکاء نے طارق علی کی صحافتی خدمات، آزادیٔ اظہار کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اعزازات نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں۔