مری :بارش ‘برفباری ‘ غیر ضروری سفر سے گریز کرنیکی ہدایت
متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ‘ایمرجنسی ٹیمیں مکمل ریسورسز کے ساتھ فیلڈ میں متحرک
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)مری میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کے پیشِ نظر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ، ایمرجنسی ٹیمیں مکمل ریسورسز کے ساتھ فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اہلکار 24 گھنٹے الرٹ رہیں گے ۔ برفباری کے باعث پھسلن، گاڑیوں کے پھنسنے اور حادثات کے خدشات کے پیش نظر ریسکیو اہلکاروں کو خصوصی آلات کے ساتھ تیار رکھا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے وقت ہی سفر اختیار کریں۔ تیز بارش، ژالہ باری اور برفباری کے دوران مکمل احتیاطی تدابیر اپنانے ، گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی گئی ہے ۔عوام کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر کال کریں ۔