اسلام آباد میں موٹرسائیکل چوری بڑھ گئی، سیف سٹی کیمرے ناکام
چور ہسپتال کے سامنے کھڑا موٹرسائیکل آدھے گھنٹے میں لے اڑے،مقدمہ درج
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، سیف سٹی کیمروں کے باوجود چور محفوظ راستوں سے فرار ہونے میں کامیاب، اسلام آباد میں موٹرسائیکل چوروں کو پکڑنا پولیس کیلئے سر درد بن گیا، گزشتہ دنوں ہسپتال کے سامنے سے شہری کا موٹرسائیکل آدھے گھنٹے میں چوری ہوگیا۔ اسلام آباد کے شہری عدنان امتیاز نے پولیس کو بتایا کہ رات گیارہ بجے الشفا ہسپتال کے گیٹ نمبر ایک کے سامنے اپنا موٹر سائیکل ہنڈا 125، رجسٹریشن نمبر ACG-5038کھڑا کیا، ساڑھے گیارہ بجے موٹرسائیکل غائب تھا، چور آدھے گھنٹے میں موٹرسائیکل لے اڑے، کافی تلاش کے باوجود موٹرسائیکل نہ ملا۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔