مسئلہ کشمیرمعرکہ حق کی بدولت دنیا بھر میں اجاگر ہوا،کشمیری قیادت

مسئلہ کشمیرمعرکہ حق کی بدولت دنیا بھر میں اجاگر ہوا،کشمیری قیادت

پاکستان ہمارا مضبوط وکیل ،کشمیری 5اگست کے بھارتی اقدامات قبول نہیں کرینگے میاں عبدالوحید،سردار یعقوب،سردار مسعود، سردار عتیق ، فاروق حیدرو دیگر کا سیمینار سے خطاب

 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر جموں کشمیر ہاؤس میں سیمینار ہوا ، مہمان خصوصی سینئر وزیر میاں عبد الوحید تھے ۔سیمینار میں سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان ،سابق صدر سردار مسعود خان ،سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر ،سابق وزیراعظم سردار محمد عتیق خان ،وزیر نبیلہ ایوب ، راجہ ڈاکٹر محمد مشتاق ،حریت رہنما الطاف بٹ ، شمیم شال سمیت سینکڑوں سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ میاں عبد الوحید نے کہا یوم حق خودارادیت کی قرارداد وہ واحد دستاویز ہے جس کو لیکر ہم اقوام عالم کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کر سکتے ہیں ، تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہو گی، ہمارے وکیل پاکستان نے کشمیرکیلئے تین جنگیں لڑیں ،معرکہ حق کی بدولت مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔ ہمارا وکیل مضبوط ہے انشا اللہ ہماری مضبوط آواز دنیا تک پہنچے گی۔

سردار محمد یعقوب نے کہا اقوام متحدہ اپنی قرارداد پر عمل درآمد کروائے ۔ اس معاملے پر ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد کروائی جائے گی۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا 5 اگست کے بھارتی اقدامات کشمیریوں کو قبول نہیں ، کشمیری رہنماؤں کے درمیان ایک ان کیمرہ اجلاس ہونا چا ہئے ، انہوں نے کہا مہاجرین جموں و کشمیر ریاست کا حصہ ہیں اور انہیں کوئی بھی ریاست سے الگ نہیں کر سکتا ۔ سردار مسعود خان نے کہا حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ،اقوام متحدہ اپنی قرارداد پر عملدرآمد کروائے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آنی چاہیے ،بنیان المرصوص میں پاکستان کی شاندار کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کو بے حد پذیرائی ملی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں