ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا،نیئر بخاری
سی ڈی اے حکام متاثرین سے بات کرکے تجاوزات کا مسئلہ حل کریں اسلام آبادمیں جب بھی بلدیاتی الیکشن ہوئے ،حصہ لیں گے ،سالگرہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل پی پی پی نیئر حسین بخاری نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی روٹی کپڑے مکان کے نعرے پر آج بھی کاربند ہے ،ذوالفقارعلی بھٹو نے ووٹ کی طاقت عوام کو دی ، پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ کی تقریب سے ہمایوں خان اور دیگر ر ہنماؤں کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے دنیا پاکستان کی عزت کرتی ہے ، آصف علی زرداری کی بصیرت کی بدولت پاکستان میں جمہوریت ہے۔
اسلام آباد میں تجاوزات ختم کرنا سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے ،سی ڈی اے متاثرین سے بات کرکے تجاوزات کا مسئلہ حل کرے ،ہم قابضین کے ساتھ نہیں متاثرین کے ساتھ ہیں ، جی بی انتخابات میں محنت کریں تو گورنر اور وزیراعلیٰ پی پی کا ہوگا،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات چوتھی بار ملتوی ہورہے ہیں ۔ہم بلدیاتی انتخابات سے گھبراتے نہیں جب بھی الیکشن ہونگے حصہ لیں گے ۔