عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ،کمشنر
ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں 460خلاف ورزیوں پر4لاکھ 45ہزار جرمانہ، 9عمارتیں سیل ،15گرفتار
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار ) کمشنر راولپنڈی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ڈویژنل سطح پر جائزہ اجلاس ہوا، کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع بالخصوص مری اور راولپنڈی میں پرائس کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سیاحوں کے ساتھ کسی قدم کی زیادتی نہ ہو۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 5,531 چیکنگز کی گئیں۔ 460 خلاف ورزیاں رپورٹ ہونے پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ عائد، 9 عمارتیں سیل کی گئیں جبکہ 15 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ادھر کمشنر کی زیرِ صدارت PULSE اقدامات کا اجلاس ہوا۔ کمشنر نے کہا کہ PULSE پراجیکٹ حکومت پنجاب کا ایک احسن قدم ہے جسکے ذریعے اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کی جارہی ہے ۔