متاثرین الائنس اسلام آباد کے زیر اہتمام ملپور میں احتجاجی جلسہ
1963میں ایوارڈ کے باوجود متاثرین کو آج تک جائز حقوق فراہم نہیں کیے گئےانصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو اسلام آباد میں پھیلایا جائے گا ،مقررین
اسلام آباد،بھارہ کہو (خصوصی رپورٹر،نمائندہ دنیا) متاثرین الائنس اسلام آباد کے زیرِ اہتمام ملپور کے مقام پر حکومت اور سی ڈی اے کے خلاف احتجاجی جلسہ ہوا، جس میں مقررین نے حکومت اور سی ڈی اے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے متاثرین گزشتہ ساٹھ برسوں سے مسلسل ناانصافی کا شکار ہیں، جس کی براہِ راست ذمہ داری سی ڈی اے پر عائد ہوتی ہے ، اب مزید ظلم اور ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی،جلسے سے سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری، سبط الحسن بخاری، عادل گیلانی ، راجہ عنایت اور دیگر نے خطاب کیا۔نیئر بخاری نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگ مظلوم لگ رہے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں ، عوام کو مجبور مت کرو انتظامیہ والوں سن لوسی ڈی اے ہم سے بات کرے ، سابق سی ڈی اے چیئرمینوں ،ممبران اور عملے کا احتساب کریں تو قابضین کا بھی احتساب ہو سکتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ 1962 میں ایوارڈ ہونے کے باوجود متاثرین کو آج تک ان کے جائز حقوق فراہم نہیں کیے گئے ، متاثرین کے آباؤ اجداد نے قومی دارالحکومت کی تعمیر کے لیے اپنی زمینیں دیں، مگر بدلے میں ریاست متاثرین سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی۔ مختلف محکموں کی ملی بھگت سے تجاوزات ہوئیں، جس کا خمیازہ متاثرین کو بھگتنا پڑا، طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کیے جائیں اور ان کے قانونی و اخلاقی حقوق ادا کریں ،انہوں نے اعلان کیا کہ نہ اپنی زمین دیں گے ، نہ کسی قسم کی قربانی قبول کریں گے اور نہ ہی کسی دباؤ کے آگے سر جھکائیں گے ،انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو پورے اسلام آباد میں پھیلایا جائے گا ۔