ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جائے ،آئی جی
ٹریفک کے بہائو کو بہتر ، شہریوں کی مشکلات کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سکیورٹی ڈویژن میں اجلاس منعقد ہوا، اسلام آباد پولیس کے نئے اصلاحاتی اقدامات، سال 2026 کے لئے سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے ، تھانوں میں شہریوں کو مثالی اور دوستانہ ماحول میں معیاری سہولیات کی فراہمی اور پولیس خدمت مراکز سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مستفید کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی نے اجلاس کے دوران تمام افسران کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جائے ، کسی بھی ممکنہ سکیورٹی خدشے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اور موثر حکمت عملی اپنائی جائے ، جبکہ ٹریفک کے بہاو کو بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے مربوط اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور دیگر لائسنسنگ امور میں تیزی لانے ، شفافیت کو یقینی بنانے اور عوام کو سہل و بروقت سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔