تعلیم کے فروغ کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک اور حکومت پاکستا ن کا معاہدہ
آزاد کشمیر میں 7ارب روپے کا آؤٹ آف سکول چلڈرن منصوبہ مکمل ہوجائیگا ،فیصل راٹھور
اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار)وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی دلچسپی، مؤثر قیادت اور کاوشوں کے نتیجے میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے تعلیمی شعبے میں ایک اور اہم تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے ۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تقریبا 7 ارب روپے کا آؤٹ آف سکول چلڈرن پراجیکٹ جو طویل عرصے سے تاخیر کا شکار تھا، اب باقاعدہ طور پر عملی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔اس سلسلے میں اسلامی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کے مابین معاہدے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں باقاعدہ دستخط کر دیئے گئے ۔ معاہدے پر دستخط ڈاکٹر رامی احمد، وائس پریزیڈنٹ (آپریشنز)، اسلامی ترقیاتی بینک اور منسٹری آف اکنامک افیئرز ڈویژن حکومتِ پاکستان نے کیے جبکہ آزاد کشمیر کی جانب سے سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شاہد محی الدین نے نمائندگی کی۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر بینک اور حکومتِ پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت آزاد کشمیر میں تعلیمی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور آؤٹ آف سکول بچوں کے مسئلے کے حل میں نمایاں پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔