شہداء کی قربانیوں کی یاد ہی آزادی، قومی وقار کے تحفظ کا سرچشمہ
20جنوری کے واقعات کو انسانیت کے خلاف جرم تسلیم کیا جائے ،مقررین
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) شہداء کی قربانیوں کی یاد ہی آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کا اصل سرچشمہ بنتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم ا نسٹی ٹیوٹ اور آذربائیجان کے سفارت خانے کی مشترکہ کاوش سے پاکستان-آذربائیجان برادرانہ یکجہتی یومِ سوگ اور بلیک جنوری کے شہداء کی یاد \" کے عنوان سے منعقدہ مباحثے میں مقررین نے کیا ۔ مقررین میں سفیر آذربائیجان خضر فرہادوف ، سابق سفارت کار ڈاکٹر ضمیر اعوان ، پروفیسر ڈاکٹر عالیہ ، ڈاکٹر ثمینہ امین ، ڈاکٹر آمنہ شامل تھے ۔ مقررین نے اس سانحے کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
اس تاریخی پس منظر پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے آذربائیجان کو تسلیم کیا اور دونوں ممالک کی برادری مشترکہ اقدار پر مبنی ہے ۔یہ یاد پرانے زخموں کو دوبارہ نہیں کھولتی بلکہ یقینی بناتی ہے کہ ظلم دوبارہ نہ ہو۔پاکستان کی یکجہتی صرف سرکاری نہیں بلکہ عوامی، تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے بھی مظاہر ہونی چاہیے ۔ مطالبہ کیا گیا کہ 20جنوری کے واقعات کو انسانیت کے خلاف جرم تسلیم کیا جائے اور اس کے منصوبہ سازوں اور مرتکبین کو بین الاقوامی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔