ہائی بیم اور غیر قانونی لائٹس کیخلاف موٹروے پولیس کی کارروائیاں

ہائی بیم اور غیر قانونی لائٹس کیخلاف موٹروے پولیس کی کارروائیاں

ایک سال میں رات کو بغیر لائٹس سفر کرنے پر 6کروڑ 71لاکھ سے زائد کا جرمانہ بغیر مناسب لائٹس کے گاڑی چلانے پر 13ہزار 431چالان ہوئے ،دستاویزات

  اسلام آباد ( حریم جدون) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ہائی بیم اور غیر قانونی لائٹس کے استعمال کے خلاف 2025 کے دوران بھرپور اور سخت کارروائیاں کیں، اعداد و شمار کے مطابق غلط اور غیر معیاری لائٹس کے استعمال پر ایک لاکھ 59 ہزار سے زائد چالان کئے گئے ۔دستاویزات کے مطابق رات کے وقت بغیر مناسب لائٹس کے گاڑی چلانے پر 13 ہزار 431 چالان کئے گئے ، جس کے نتیجے میں 6 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔ اسی طرح ہائی بیم کم نہ کرنے اور غلط استعمال پر ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد ڈرائیورز کو چالان کیا گیا، اس مد میں 14 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔موٹروے پولیس نے لائٹنگ آورز کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کرتے ہوئے 345 چالان کیے اور 3 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔

ترجمان کے مطابق سڑکوں پر روشنی کے غلط استعمال کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے ۔آگاہی مہم کے حوالے سے موٹروے پولیس نے 31 ملین مسافروں کو براہِ راست بریفنگ دی، جبکہ 1,283 سیمینارز اور 723 ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 4.02 ملین آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ ڈرائیورز میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے ۔موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی لائٹس اور ہائی بیم کا غلط استعمال نہ صرف دیگر ڈرائیورز کے لیے خطرہ بنتا ہے بلکہ مہلک حادثات کا سبب بھی بن سکتا ہے ، اس لیے آئندہ بھی قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں