سپیکرز کانفرنس ، عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مضبوط ہوا ،چیئرمین سینیٹ
وزیر اطلاعات کی ملاقات، بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی ڈیجیٹل البم پیش کی
اسلام آباد (دنیارپورٹ )چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پی آئی او مبشر حسن بھی موجود تھے ۔ وزیر اطلاعات نے حال ہی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی ڈیجیٹل البم چیئرمین سینیٹ کو پیش کی۔ ڈیجیٹل البم میں کانفرنس کے اہم لمحات، عالمی سطح پر شرکت کرنے والے معزز سپیکرز اور پارلیمنٹیرینز، سیشنز اور دیگر سرگرمیوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید نے کانفرنس کی شاندار میڈیا کوریج اور مؤثر تشہیر پر وفاقی وزیر اطلاعات اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے مثبت اثرات اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے کانفرنس کو پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے ۔