ریسکیو‘ایمرجنسی انتظامات ،تفصیلی ایکشن پلان تیار کریں ،کمشنر
قدرتی آفات ، ناگہانی حادثات سے نمٹنے کیلئے ڈویژنل سطح پر مربوط حکمت عملی اپنائی جائے
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت ریسکیو اور ایمرجنسی انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل کمشنر، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال، قدرتی آفات یا ناگہانی حادثات سے نمٹنے کے لیے ڈویژنل سطح پر مربوط حکمت عملی کو مؤثر بنانا تھا۔ کمشنر راولپنڈی نے اس امر پر زور دیا کہ تمام سرکاری و نجی عمارتوں، تعلیمی اداروں، مارکیٹس اور عوامی مقامات پر باقاعدہ ریسکیو اور ایمرجنسی ایکسرسائزز کا فوری آغاز کیا جائے ، تاکہ متعلقہ عملے اور شہریوں میں آگاہی پیدا ہو اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور درست ردعمل ممکن بنایا جا سکے ۔ تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تفصیلی ایکشن پلان تیار کریں، جس میں دستیاب وسائل، افرادی قوت، مشینری اور رسپانس ٹائم کی واضح نشاندہی ہو۔ تمام محکمے یہ ایکشن پلانز باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ مرتب کریں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مربوط اور مشترکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔