اسلام آباد میں میراتھن ریس آج ہوگی، ٹریفک پلان جاری
ایف نائن پارک، ڈی سی آئی کمپلیکس، ڈی چوک اور جناح ایونیو بند رہے گی
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد پولیس نے آج ایف نائن پارک سے ڈی چوک تک منعقد ہونے والی میراتھن ریس کے موقع پر ٹریفک کیلئے جامع ڈائیورشن پلان جاری کر دیا۔ ریس ایف نائن پارک کے 12دری ایریا سے شروع ہو کر جناح ایونیو کے راستے ڈی چوک تک جائے گی اور واپسی پر جناح ایونیو، طیب اردگان فلائی اوور اور نائنتھ ایونیو کے ذریعے دوبارہ ایف نائن پارک میں داخل ہو کر اختتام پذیر ہو گی، ریس کا کل فاصلہ 42کلو میٹر جبکہ ہاف میراتھن کا فاصلہ 21کلو میٹر ہوگا۔ اس دوران ایف نائن پارک، ڈی سی آئی کمپلیکس، ڈی چوک اور جناح ایونیو کے سنگل سائیڈ ٹریفک کیلئے سڑک مکمل طور پر بند رہے گی۔ ایف 10رانڈ اباٹ، پاکستان چوک، سنٹورس مال کی جانب جناح ایونیو، جی 10ٹو چوک، پی اے آر سی چوک، شاہین چوک، نائنتھ ایونیو یوٹرن، ایف ایٹ ایکسچینج، پمز لوپ، ایف سیون کارنر لوپ، یو فون ٹاور، سعودی پاک ٹاور، اٹک پمپ، پی ایس او پمپ، کلثوم پلازہ، چائنا چوک، ناظم الدین روڈ ٹی کراس، جیو چوک اور ڈی چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جائے گا۔