فرقہ واریت ،شرپسندی پھیلانے والوں کا خاتمہ ضروری،گورنر پنجاب
سردار سلیم حیدر سے شیعہ علماء کونسل کے وفد کی ملاقات ،چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرنیکا عزم
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما اور اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ کے چیئرمین اشفاق وحیدی اور چیئرمین امن کمیٹی راولپنڈی مولانا حافظ اقبال نے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی، پاکستان کے استحکام اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے عزم کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے اشفاق وحیدی اور حافظ اقبال کے اتحاد وحدت امن و امان کی فعالیت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا عزم کیا کہ شرپسند عناصر اور تفریق اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے ساتھ حکومت کسی قسم کی رعایت نہ کرے تاکہ ملک پاکستان میں امن قائم رہے۔ گورنر پنجاب نے ماہ رمضان کے حوالے سے کہا کہ حکومت تمام چھوٹے بڑے شہروں کا سرچ آپریشن کرے گی اور فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔