داتا دربار کے ترقیاتی کام 31 مارچ تک مکمل کرنیکی ہدایت
ٹیپا داتا دربار کے بیرونی انفراسٹرکچر کی جامع ترقی کا ذمہ دار ہے : سیکرٹری اوقاف
لاہور (آن لائن) سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت دی ہے کہ داتا دربار کے باہر جاری تمام ترقیاتی کام 31مارچ 2026ء تک مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایات دربار کے دورے کے دوران جاری کیں، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے ویژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی رہنمائی میں عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان مکمل تعاون کر رہے ہیں اور ترقیاتی کام کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ منصوبہ بروقت اور اعلی معیار کے مطابق مکمل ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیپا داتا دربار کے بیرونی انفراسٹرکچر کی جامع ترقی کا ذمہ دار ہے، جس میں پیازا، بیٹھنے کے مقامات، سڑک کے سامنے جدید پارکنگ کی سہولت، ٹف ٹائلوں سے بنائی گئی۔ پیدل راہداریاں، پیدل انڈر پاس اور دربار کا مرکزی داخلی راستہ شامل ہیں۔