فاطمہ جناح پارک میں کمیونٹی مارکیٹ کا انعقاد ،شہریوں کی شرکت
مارکیٹوں کا مقصد شہریوں کو معیاری و منفرد مصنوعات تک براہ راست رسائی کو ممکن بنانا ہے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں منفرد کمیونٹی مارکیٹوں کا کامیاب انعقاد جاری ہے ۔ اس سلسلے میں طلباء و طالبات اور شہریوں کیلئے خصوصی کمیونٹی مارکیٹ کا انعقاد فاطمہ جناح پارک، نزد گندھار سٹیزن سینٹر F-9 میں کیا گیا ہے ۔ کمیونٹی مارکیٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کاروبار اور انٹرپینئرشپ ( کے رجحان کو فروغ دینا ہے ۔ اسی طرح اس مارکیٹ کا مقصد نوجوان کی تخلیقی و تعمیری صلاحیتوں کو جِلا بخشنا ہے تاکہ نوجوانوں اور آنے والی نسل کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اور بزنس کے جذبے کو فروغ دیا جاسکے ۔شہریوں کو معیاری و منفرد مصنوعات تک براہ راست رسائی کو ممکن بنانا ہے ۔ اس خصوصی مارکیٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس قسم کی کمیونٹی مارکیٹوں کے ماڈل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیگر پارکس اور عوامی مقامات تک پھیلایا جائے ۔