سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات،نقصان پورا کیا جائے،کاشف چودھری
تاجروں پر ملبہ ڈالنے، حقائق کو مسخ کرنیوالی تحقیقات کو نہیں مانیں گے،پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں جس میں تاجر نمائندوں کو شامل کیا جائے، ہم کسی بھی قسم کی غیر شفاف، تاجروں پر ملبہ ڈالنے والی اور حقائق کو مسخ کرنے والی تحقیقات کو بالکل نہیں مانیں گے اور کہا وزیراعلیٰ سندھ جلد از جلد شہداء کے گھروں میں جا کر نہ صرف ان کے لواحقین سے معافی مانگے بلکہ ان کی مالی امداد کو یقینی بنائیں، گل پلازہ کے تاجروں کے پانچ سے چھ ارب روپے کا مالی نقصان ہوا ،جن کے ازالے کو یقینی بنانے کیلئے ایک ڈیڈ لائن مقرر کی جائے۔
سانحہ گل پلازہ پر ایک با اختیار تاجر ایکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے یہ کمیٹی سندھ حکومت وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل سے بھی بات کرے گی اور اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو پھر وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کا گھیرائو کریں گے اور گل پلازہ کے تاجروں کیلئے کراچی سمیت پورے ملک میں شٹر ڈاؤن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیکسز کے پیسوں سے جہاز خریدے جاتے ہیں آخر کیوں ان جہازوں سے آگ پر قابو پانے کیلئے اس پلازہ کے اوپر کیمیکل نہ پھینکا گیا، ان کو بچانے کیلئے بہت سارے راستے موجود تھے لیکن اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔